لاہور (نیوز پلس) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے،احتساب نہیں انتقام کا سلسلہ چل رہا ہے۔حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالتوں کے فیصلے بول رہے ہیں، ثبوتوں کے بغیر اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہواؤں کا رخ بدلتا ہے لیکن لوٹ کر اپوزیشن کی طرف آجاتا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت بتائے چودہ ماہ میں کونسا منصوبہ مکمل کیا؟ اورنج ٹرین چلانے کی کسی ایک ڈیڈ لائن پر پنجاب کے حکمران عمل نہیں کر سکے۔ بی آر ٹی کا منصوبہ بھی سب کے سامنے ہے۔محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ ایک عظیم لیڈر تھیں، ہمیں سیاسی اختلاف میں محسنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔