اسلام آ باد (نیوز پلس)ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جنرل (ر) پرویزمشرف کے مقدمے سے متعلق بعض ٹی وی چینلز اور اخبارات میں چیف جسٹس پاکستان سے منسوب غلط خبر چلائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹی وی چینلز اور اخبارات میں یہ تاثر دیا گیا جیسے پرویز مشرف کے مقدمے میں چیف جسٹس ذاتی دلچسپی رکھتے تھے۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ معاملے سے متعلق وضاحت ضروری ہے جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف سے متعلق سپریم کورٹ نے مختلف فیصلے دیئے ہیں، تاہم خبر سے ایسا تاثر ملا جیسے چیف جسٹس خود اس مقدمے کو دیکھ رہے ہیں۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس سے منسوب چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں اور اب عدالت کی یہ وضاحت بھی اس طرح چلائی جائے جیسے خبر چلائی گئی۔اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے مختلف بینچ پرویز مشرف کے مختلف کیسز سن رہے ہیں، چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو کوئی ہدایات جاری نہیں کی، چلنے والی خبریں سیاق و سباق سے ہٹ کر اور حقائق کے منافی ہیں۔جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایسے موقع پر ایسی خبریں جان بوجھ کر گھڑی گئیں، خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس اور صحافیوں کی ملاقات سے متعلق خبروں پر بھی سپریم کورٹ نے وضاحت کی ہے۔