اسلام آباد(نیوز پلس) بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایس او ایس مشن کی پاکستان آمد پر بجٹ اہداف کے حصول میں معاونت اور معاشی اصلاحات پر تجاویز ایجنڈے کا حصہ ہیں، مالیاتی ادارے کے وفد کو ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی۔
رواں مالی سال کی پہلے دو ماہ میں پاکستان کی معاشی کارکردگی پر عدم اطمینان کے باعث آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن پیر کو پاکستان آئے گا۔آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن حکام وزارت خزانہ سے مشاورت کرے گا۔ مشن کو بتایا جائے گا کہ 648 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے تعاقب میں 580 ارب روپے جمع ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس پر بھی غور کیا جائے گا کہ گیس اور بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے حکمت عملی پر کتنا عمل ہوا۔
ایس او ایس مشن کی سربراہی آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جنوبی اور وسطی ایشیا جہاد اظہور کریں گے۔ وفد معاشی، ٹیکس اور توانائی اصلاحات پر مشاورت کرے گا جبکہ آمدن بڑھانے اور اخراجات میں کمی کے لیے بھی مختلف تجاویز پر غور ہوگا۔