اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ کشمیر آزاد ہوگا، مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزاد ہونے کا تاریخی موقع مل گیا ہے قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ تکبر نے بڑے بڑے حکمرانوں کو تباہ کیا، اب انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے تکبر میں تاریخی غلطی کر دی ہے۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ میرے پاکستانیوں! میں آج صرف کشمیر کی صورتحال پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ کشمیر پالیسی کا فیصلہ کن وقت آ گیا ہے۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب تک کیا گیا اور آئندہ کیا کرنا ہے؟انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش تھی کہ اپنے تمام ہمسایوں سے اچھے اور پرامن تعلقات رکھیں۔ اقتدار سنبھالا تو بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ تعلقات کی بحالی کیلئے ایک قدم بڑھائیں گے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی طرح بھارت میں بھی بیروزگاری اور غربت کے مسائل ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لیکن بھارت سے جب بھی مذاکرات کی بات کی کوئی نہ کوئی الزام لگا دیا گیا۔ بی جے پی کی انتخابی مہم مسلمانوں اور پاکستان کے مخالف تھی۔ وہاں الیکشن کے بعد پلوامہ کا واقعہ رونما ہوا تو بھارت نے اس کی انویسٹی گیشن کرانے کے بجائے الزام پاکستان پر لگا دیا۔ بھارت سے کہا اگر کوئی ثبوت ہے تو ایکشن لینے کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات مل چکی تھی کہ بھارت نے پلوامہ جیسا حملہ کرنا ہے، ہم نے پوری دنیا کو تشویش سے آگاہ کر دیا تھا، سیکیورٹی کونسل میں 1665ء کے بعد کشمیر پر پہلی دفعہ اجلاس بلایا گیا،انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی تب ہم نے سوچا ایسے ماحول میں بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ بھارت کی بھرپور کوشش تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے۔اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے کشمیریوں کے ساتھ نہرو کے وعدوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے پانچ اگست کو پیغام دیا کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ہے۔ یہ آر ایس ایس کا نظریہ ہے، یہ نظریہ مسلمانوں کے مخالف تھا، اسی نظریے نے گاندھی کو قتل کیا۔ قائداعظمؒ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کو سمجھ گئے تھے۔ کانگریس جماعت کے سابق وزیر نے کہا کہ آر ایس ایس کے لوگ دہشتگرد ہیں،آج یہی وہ آئیڈیالوجی ہے جو بھارت پر حکمرانی کر رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے خطاب میں کہاکہ بھارت نے آخری پتا کھیل دیا، اب وہ کشمیر پر کچھ نہیں کر سکتے، اب جو کچھ کرینگے وہ ہم کرینگے، ہم آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دینگے۔وزیراعظم نے ہر ہفتے کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک وادی کشمیر کی آزادی تک چلے گی۔ دنیا کو بھارتی مظالم اور آر ایس ایس آئیڈیالوجی سے آگاہ کریں گے۔