اسلام آباد (نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازعے کی حیثیت سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور کونسل کی جانب سے اس پر غور موجودہ صورتحال کی نزاکت کے اعتراف و احساس کا مظہر ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کی تدبیر وقت کا اہم تقاضا ہے۔ عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اہلِ کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں ان کا بنیادی (ناقابلِ انتقال) حقِ خودارادیت مل نہیں جاتا۔