کے پی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک
باڑہ میں فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد مارے گئے، چاغی کے نوکچہ میں 2 دہشت گرد انجام کو پہنچے، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، جہاں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار کی کوشش ناکام بنا دی اور فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
