کھلاڑیوں کا لیگز کھیلنا حق ہے،پہلی ترجیح پاکستان کی جانب سے دستیاب ہونا ہے، شاہ خاور
کوشش ہے مقررہ وقت پر انتخابات کراؤں،بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد پی سی بی الیکشن کا اعلان کریں گے
ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کا نام سامنے آیا ہے،چیئرمین کا عہدہ منافع والا نہیں، اس لیے یہ کسی چیز کے ساتھ متصادم نہیں‘پریس کانفرنس
قائم مقام چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شاہ خاور نے کہا ہے کہ پی سی بی میں تقرری بطور الیکشن کمشنر ہوئی ہے، کوشش ہے کہ مقررہ وقت پر انتخابات کراؤں،بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد پی سی بی کے الیکشن کا اعلان کریں گے، کھلاڑیوں کا لیگز کھیلنا حق ہے لیکن پہلی ترجیح پاکستان کی جانب سے دستیاب ہونا ہے۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمن شاہ خاور نے کہا کہ 16جنوری کو مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں میری تعیناتی ایک ماہ کے لئے بڑھا دی گئی ہے،پی سی بی کے آئین نے مجھے ادارے کے الیکشن کرانے کی ذمہ داری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورننس 11اراکین پر مشتمل ہے، قائم مقام چیئرمین پی سی بی کے لئے ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کا نام سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 8بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی یقینی بنانی ہے،جس کی تشکیل کے بعد کرکٹ بورڈ کے الیکشن کا اعلان کریں گے۔
گورننگ بورڈ میں ریجنز کے وہ نمائندے ہوں گے جوپورے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں، کوشش ہے مقررہ وقت پر الیکشن کراں اسے آگے نہیں لے جاسکتے۔شاہ خاور نے کہا کہ محمد حفیظ سے ملاقات ہوئی جس میں میچز کے حوالے سے بات ہوئی، میچز میں ٹیم کی کارکردگی بری رہی ہے، محمد حفیظ رپورٹ بھی دیں گے۔میچز کے حوالے سے ہماری عمومی گفتگو ہوئی ہے،
حفیظ کے ساتھ غیر رسمی گفتگو ہوئی ہو سکتا ہے کہ انہوں نے کہا ہو کہ کھلاڑیوں کا فوکس لیگز پر تھا۔انہوں نے کہا کہ لیگز کے معاہدوں کے حوالے سے ضرور دیکھنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے فوکس کے حوالے سے میرے علم میں بھی باتیں آئی ہیں۔کھلاڑیوں کا لیگز کھیلنا حق ہے لیکن پہلی ترجیح پاکستان کی جانب سے دستیاب ہونا ہے۔
شاہ خاور نے کہا کہ محمد حفیظ کا معاہدہ ایک ماہ کا تھا، اس عہدے کا اشتہار دینا ضروری ہوتا ہے یہ پیٹرن پر منحصر ہے کہ کیا فیصلہ کرنا ہے، آئین کے مطابق پیٹرن آئی پی سی سے گائیڈ لائن لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں، وزیراعلی کے ہوتے ہوئے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں، چیئرمین کا عہدہ منافع والا نہیں، اس لیے یہ کسی چیز کے ساتھ متصادم نہیں۔شاہ خاور نے کہا کہ ایک سال سے مینجمنٹ کمیٹی کام کر رہی ہے، ٹیم کی خراب کارکردگی کی کئی اور وجوہات بھی ہیں ان کو بھی دیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہپشاور زلمی کے شیڈول پر اعتراض کا علم نہیں، پریذیڈنٹ ٹرافی کا فائنل اب 9فروری سے شروع ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 23جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر شاہ خاور کو بورڈ کا قائم مقام چیئرمین مقرر کردیا گیا تھا۔ذکا اشرف کا استعفیٰ منظور ہونے پر شاہ خاور قائم مقام چیئرمین تعینات ہوئے ہیں۔اس سے قبل 19جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے اپنی مدت ملازمت ختم ہونے سے قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔