Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ، معرکہ ٔ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، فیلڈ مارشل

کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ، معرکہ ٔ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت  ہے، فیلڈ مارشل

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار

 

کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، ان کے معاون ڈھانچوں کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو ہر قسم کی شرانگیز کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری آپریشنز کی رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

کانفرنس کے دوران مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

فورم میں افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کیا گیا۔ کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف یہ الزامات ایک منظم گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ واضح کیا گیا کہ پاکستان کی تمام دفاعی کارروائیاں صرف دہشت گرد عناصر، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کار نیٹ ورکس کے خلاف محدود اور درست اہداف پر مبنی ہیں۔

اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال خطے کے استحکام پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

کور کمانڈرز نے علاقائی کشیدگی میں کمی، تحمل اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی مثبت اور تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں دیرپا امن باہمی احترام، خودمختاری کے اصولوں اور ذمہ دارانہ رویوں سے ہی ممکن ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے “معرکۂ حق” کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “معرکۂ حق” قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ معرکہ عوام، حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مقابلے میں بنیان مرصوص کی طرح متحد ہو کر کھڑی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More