کرک میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کرک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3دہشت گرد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں فعال طور پر ملوث رہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمہ کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی عوام نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔