Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پی ایس ایل9، لاہور قلندرز کی شکستوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، ملتان سلطانز نے60 رنز سے پچھاڑ دیا

پی ایس ایل9،  لاہور قلندرز کی شکستوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، ملتان سلطانز نے60 رنز سے پچھاڑ دیا

عثمان خان نے55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96رنز بنائے،اسامہ میر کے40 رنز دے کر 6 شکار

ملتان سلطانز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے،لاہورقلندرز کی ٹیم 17 اووروں میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

پاکستان سپر لیگ کے14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو60 رنز سے شکست دیدی، لاہور قلندر ز کوایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا، عثمان خان نے55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96رنز بنائے،اسامہ میر نے 4 اوورزمیں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورزمیں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔

 ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا اورپہلے اوور کی پانچویں گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے،کپتان محمد رضوان بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے۔دوسری وکٹ 74 رنز پر گری جب ریزا ہینڈرکس 27 گیندوں پر 40 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر صاحبزاہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعے پر گری جب طیب طاہر 21 رنز بنا کرکارلوس بریتھ ویٹ کی گیند پر جہاں داد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر میدان بدر ہوئے۔عثمان خان اور افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 137 رنز کا اضافہ کیا۔

چوتھی وکٹ 211 رنز پر گری جب عثمان خان 55 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرسلمان فیاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ افتخاراحمد 18 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، سکندر رضا اور کارلوس بریتھ ویٹ نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 215 رنز کے ہدف کے حصول کے لیے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 17 اووروں میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

صاحبزاہ فرحان اور فخرزمان نے لاہور قلندرز کو اچھا آغاز فراہم کیا،پہلی وکٹ54 رنز پر گری جب فخرزمان23 رنز بناکر آفتاب ابراہیم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دوسری وکٹ 56 رنز پر گری جب صاحبزاہ فرحان 31 رنز بنا خوشدل خان کی گیند پر آفتاب ابراہیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

لاہور قلندرز کو تیسرا نقصان 89 رنز پر اٹھانا پڑاجب کامران غلام 12 رنز بنا کر فیصل اکرم کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ107 رنز پر گری جب سکندر رضا 17 رنز بنا کر فیصل اکرم کی ہی گیند پر ہینڈرکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو پانچواں نقصان شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں اٹھانا پڑا جو انفرادی 9رنز پر اسامہ میر کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں سٹیمپڈ آؤٹ ہوئے۔

 اس موقع پر مجموعی سکور 120 تھا۔ چھٹی وکٹ 131 رنز پر گری جب رسی وینڈر ڈوسن30 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ساتویں وکٹ 132 رنز پر گری جب جارج لنڈے 5 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس سے اگلی گیند پر جہاں داد خان بغیر کوئی سکور بنائے اسامہ میر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

نویں وکٹ 152 رنز پر گری جب سلمان فیاض 8 رنز بناکراسامہ میر کی گیند پرمحمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی زمان خان تھے جو ایک سکور بنا کر اسامہ میر کی گیند پر طیب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میرنے 6،فیصل اکرم نے 2، خوشدل شاہ،  اور آفتاب ابراہیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔عثمان خان کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More