پی ایس ایل11: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 40 رنز سے شکست دے دی
پی ایس ایل 11 کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 40 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 134 رنز ہی بنا سکی۔
حیدرآباد کی جانب سے عرفان خان 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حسان خان نے 31 اور کپتان مارنس لبوشین نے 23 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں عثمان خان 14، صائم ایوب 8، سید سعد علی 7، حماد اعظم 6 اور معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق، الزاری جوزف اور سعود شکیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ شمائل حسین نے 54 اور حسن نواز نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ ٹام کرن نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے ریلے میریدتھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عاکف جاوید اور مہیش تیکھشانا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز ہارنے کے بعد اس مقابلے میں کامیابی کے لیے میدان میں اتری تھیں۔
ٹورنامنٹ کا اگلا میچ شام 7 بجے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
