پاک بحریہ کے تین افسروں کی ریئرایڈمرل کے رینک پر ترقی
پاکستان نیوی کے تین کموڈورز کو فوری طور پر ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک نے 1992 میں پاکستان نیوی کی مکینیکل انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں اور انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مکینیکل انجینئرنگ میں ایم ایس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اپنے شاندار بحری کیریئر کے دوران ایڈمرل نے مختلف اہم تقرریوں پر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی نمایاں تقرریوں میں ہیڈ کوارٹرز پاکستان فلیٹ میں فلیٹ میرین انجینئرنگ آفیسر، ڈیپٹی مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور چیف اسٹاف آفیسر برائے کمانڈر لاجسٹکس شامل ہیں۔ اس وقت ریئر ایڈمرل مظہر محمود مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی تعینات ہیں۔ ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
ریئر ایڈمرل شہزاد حامد نے 1993 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پیشے کے اعتبار سے نیول ایئر کرافٹ پائلٹ ہیں۔ فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔ ریئر ایڈمرل شہزاد حامدکے پاس کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ ہے جس میں نیول ایوی ایشن کے P3Cایئرکرافٹ سکواڈرن کی کمانڈ اور کمانڈر نیول ایوی ایشن شامل ہیں۔ انہوں نے چیف سٹاف آفیسر ٹو کمانڈر نارتھ کے ساتھ ساتھ امریکہ میں پاکستان کے نیول اتاشی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ریئر ایڈمرل شہزاد حامد کو ان کے نئے رینک میں ڈائریکٹر جنرل نیول اینٹیلیجنس تعینات کیا گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے 1993 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور، ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج بنگلہ دیش اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔ ریئر ایڈمرل کا بحریہ میں ایک شاندار کیریئر ہے جس میں مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ شامل ہے۔
ان کی کمانڈ تقرریوں میں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے دو جہازوں پی ایم ایس ایس برکت، پی ایم ایس ایس کشمیراور پاک بحریہ کے جہازپی این ایس طارق کی کمانڈکے علاوہ کمانڈر 9ویں آگزلری اور مائن وارفیئر سکواڈرن اور کمانڈر 25 ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ہیڈکوارٹر NAVCENT، بحرین میں کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کے چیف آف سٹاف، نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر اسٹڈیز اور نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر فارن ملٹری کولیبریشن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ریئر ایڈمرل اظہر محمود کو ان کے نئے رینک میں کمانڈنٹ پاک نیوی وار کالج لاہور تعینات کیا گیا ہے۔ ریئر ایڈمرل اظہر محمود کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔