پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 7 ماہ کے دوران 34۔1 ارب ڈالر کمی ریکارڈ
جولائی تا جنوری ملکی برآمدات 58۔19 ارب ڈالر سے گر کر 19۔18 ارب ڈالر رہ گئیں، دستاویز
دستاویز کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران ملکی برآمدات 19.58 ارب ڈالر سے کم ہو کر 18.19 ارب ڈالر رہ گئیں۔ تاہم، جنوری 2026 میں برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھی گئی اور یہ 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو گزشتہ مہینے کے مقابلے میں 35 فیصد اضافہ ہے۔ جنوری میں خاص طور پر ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 3.14 فیصد اور مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات میں 12.73 فیصد اضافہ ہوا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سات ماہ کے دوران غذائی اجناس کی برآمدات میں 35 فیصد یا 1.62 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی، اور یہ 4.61 ارب ڈالر سے کم ہو کر 2.98 ارب ڈالر رہ گئیں۔ن اس دوران چاول، آئل سیڈز، سبزیاں، گڑ، مصالحے، تمباکو اور کاٹن مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات، سرجیکل اور طبی آلات، لیدر، کینوس شوز، قالین، غالیچے، دری، گلوز اور گڑ سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ کیمیکلز، ادویات، کٹلری، پلاسٹک میٹریل، ٹرانسپورٹ سامان، جمز، جیولری اور ہینڈی کرافٹس کی برآمدات میں بھی کمی دیکھی گئی۔
دستاویز کے مطابق ٹیکسٹائل برآمدات میں معمولی اضافہ ہوا اور یہ 1.25 فیصد یا 13 کروڑ 45 لاکھ ڈالر بڑھ کر سات ماہ کے دوران 10.90 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ دوسری جانب، دیگر مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں 5.17 فیصد کمی ہوئی۔
مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات کا حجم 2.38 ارب ڈالر رہا۔ آٹو پارٹس، سیمنٹ، انجینئرنگ گڈز، الیکٹرک فین، اور سپورٹس گڈز بشمول میڈ ان پاکستان فٹبال کی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا۔ خام کپاس، سوتی دھاگے، ریڈی میڈ گارمنٹس اور ٹینٹ کی برآمدات بھی بڑھیں۔ اسی طرح گندم، مچھلی اور پھلوں کی برآمدات میں بہتری آئی۔ الیکٹرک مشینری، ربڑ ٹائرز، ٹیوب، فرنیچر، لیدر گارمنٹس، جوتے اور کھاد کی برآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
