وزیر اعظم عالمی موسمیاتی ایکشن سمٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان کا وژن پیش کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات میں ہیں، وزیر اعظم ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سے خطاب میں موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔
جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ دبئی میں وزیراعظم کے ایجنڈے میں سربراہی اجلاس میں اعلیٰ سطح کی شرکت اور سائیڈ لائنز پر کچھ دو طرفہ ملاقاتیں شامل ہیں، وہ ہفتہ کو سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے جہاں وہ موسمیاتی تبدیلی کے لئے پاکستان کا وژن پیش کرنے کے ساتھ ساتھ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ میں مشترکہ وعدوں کی وکالت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم موسمیاتی ریزیلینس کے لئے مساوات اور عالمی تعاون پر بھی زور دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کوپ 28 میں پاکستان کا مقصد ‘لاس اینڈ ڈیمیج’ فنڈ کو فعال کرنے کے لئے گلوبل سٹاک ٹیک سے ایک بامعنی نتیجہ اور موسمیاتی فنانس میں سالانہ 100 ارب ڈالر جمع کرنے کے طویل التوا ہدف کی تکمیل کے لئے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی موسمیاتی سربراہی اجلاس کے لئے دبئی جانے سے قبل وزیر اعظم نے 26-28 نومبر کو متحدہ عرب امارات اور 28-29 نومبر کو کویت کا دورہ کیا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی ہمدردی کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کاپ 28 کے لئے متحدہ عرب امارات کی صدارت کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ فریقین نے توانائی، پورٹ آپریشن پراجیکٹس، فضلہ پانی کی صفائی، خوراک کی حفاظت، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
بشکریہ: اے پی پی