وزیر اعظم شہباز شریف کی 7 فروری کو کل جماعتی کانفرنس طلب ،عمران خان کو شرکت کی دعوت
ملک کو درپیش مشکلات کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف نے 7 فروری کو اسلام آباد میں کل جماعتی کانفرنس طلب کر لی ہے جس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔
اس حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے اہم قومی چیلنجز پر تمام سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہےعمران خان سمیت تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے ۔
اعلامیے کے مطابق ایاز صادق کے پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک سے رابطے ہوئے ہیں، ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم نے کل پشاور میں ہونے والی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
ایاز صادق نے وزیراعظم کا یہ پیغام اسد قیصر اور پروز خٹک کو پہنچایا کہ دہشت گردی کے خلاف اپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔
سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔
گورنر ہاؤس میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوں گے۔
اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے پولیس اور سی ٹی ڈی کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر غور ہوگا۔