Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

وزیر اعظم  شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دوسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔

نو منتخب وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزارت اعظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا ۔

 حلف برداری کی پروقار تقریب پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں منصب سے سبکدوش ہونےوالے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان ، گورنر بلوچستان عبدالولی خان کا کڑ ، گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام محمد، گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف، سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز احمد بگٹی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نومنتخب اراکین قومی اسمبلی ، غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف ، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، حمزہ شہباز ، علیم خان ، راجہ ظفر الحق ، احسن اقبال ، خواجہ محمد آصف، مرتضی جاوید عباسی ، فاروق ستار ، سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اس سے قبل ایک بار وزارت عظمیٰ جبکہ تین بار وزارت اعلیٰ پنجاب کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، وہ پہلی بار 11 اپریل 2022 سے 14 اگست 2023 تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔

وہ تین مرتبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے۔وہ 1988 سے 1990 تک پنجاب اسمبلی جبکہ 1990 سے 1993 تک قومی اسمبلی کے رکن رہے، 1993 سے 1996 تک پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہے، 1997 میں وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے اور 1999 تک اس منصب پر فائز رہے ۔2008 میں وہ چوتھی بار پنجاب اسمبلی کے بلامقابلہ رکن منتخب ہوئے۔

اس مدت میں 2013 تک وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے۔ 2013 کے عام انتخابات میں انہوں نے صوبائی اسمبلی کی تین اور ایک قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد وہ تیسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔

 

 

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More