Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں گے

وزیر اعظم شہباز شریف،  پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں گے

 

جب نواز شریف کے دور میں دانش اسکول کا آغاز ہوا تب ہمیں تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا،وزیر اعظم

کیا تعلیم صرف وزرا کا حق ہے؟ کیا غریب بچوں کے والدین اتنی محنت نہیں کرتے جتنے اشرافیہ کے کرتے ہیں؟، شہبازشریف

 اسلام آباد:   وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شعور اور تعلیم کے زیور سے نا آراستہ قوم ترقی نہیں کرسکتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں عالمی بینک سمیت دیگر اداروں کا خیر مقدم کرتا ہوں، ہم نے نواز شریف کے دور میں دانش اسکولز کا جال پھیلایا تھا، ایسے بچے جن کے والدین دنیا سے رخصت ہوگئے دانش اسکول ان کا سہارا بنا، اس اسکول کے بچے پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ جب نواز شریف کے دور میں دانش اسکول کا آغاز ہوا تب ہمیں تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا، میں نے کہا کہ جب ایسے کالجز بن سکتے ہیں جہاں وزرا، اشرافیہ، گورنرز کے بچے جاسکتے ہیں تو غریب اور ذہین یتیم بچوں کے لیے تعلیمی ادارے کیوں نہیں بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کیا تعلیم صرف وزرا کا حق ہے؟ کیا غریب بچوں کے والدین اتنی محنت نہیں کرتے جتنے اشرافیہ کے کرتے ہیں؟ کیا غریب کا حق نہیں کہ ان کو اچھے ماحول میں اعلی تعلیم مل سکے اور وہی سہولتیں انہیں میسر ہوں جس کا حق تمام پاکستانیوں کو ہے؟

شہباز شریف نے کہا کہ دانش کا مطلب ذہانت ہے، ڈنمارک اور دانش میں بڑا فرق ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پورے ملک میں دانش اسکولز بنائیں گے، ہم اس اسکول کا جال بچھائیں گے، وفاق اپنے وسائل سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں دانش اسکولز بنائیں گے، اس سے بڑی دین کی خدمت کوئی اور ہو ہی نہیں سکتی، آج 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، یہ مجرمانہ غفلت ہے، اس کے لیے ایک اور ایونٹ کا انعقاد کریں اور تعلیم کو ایمرجنسی کے طور پر ڈکلیئر کریں گے اور وسائل کو بچے اور بچیوں پر نچھاور کریں گے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہم نے پنجاب میں 2 لاکھ استاد میرٹ پر بھرتی کیے تھے، ہم نے میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا، ہم نے کلاشنکوف نہیں بلکہ لیپ ٹاپ دیے، اس وقت بھی جو تنقید کی گئی ہم نے پرواہ نہیں کی، ہم اس بڑے چیلنج کو بھی قبول کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دانش اسکول کر دروازے غریب بچوں کے لیے کھلے ہیں، میں یہ خواب پورا کروں گا اور تمام قومی وسائل ان بچوں پر نچھاور کروں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More