نیو یارک (نیوز پلس) وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، سیّد ذوالفقار عباس بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیر اعظم روز ویلٹ ہوٹل میں قیام کرینگے، وزیراعظم جب امریکا پہنچے تو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم 27 ستمبر تک امریکا میں قیام کریں گے، دورے کے دوران جنرل اسمبلی اجلاس میں 27 ستمبرکو خطاب کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی سے متعلق اجلاسوں میں شرکت کریں گے، صحت عامہ، سرمایہ کاری سے متعلق اجلاسوں میں شرکت بھی کریں گے۔ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم پاک، ترک، ملائیشیا سہ فریقی سمٹ سے خطاب کریں گے، عالمی میڈیاکے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے، انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی شیڈول میں شامل ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف پیش کریں گے، مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کے بارے میں دنیا کو بتائیں گے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، متعددممالک کے ہم منصب سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیرخارجہ او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ سے بھی خطاب کریں گے۔