واشنگٹن کی کوششیں ناکام، ایران آئی اے ای اے کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب
ویانا میں ہونے والی ووٹنگ میں آئی اے ای اے کے رکن ممالک نے ایران کے حق میں ووٹ دے دیا
ویانا: امریکی مخالفت کے باوجود ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی جنرل کانفرنس کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب ہوگیا۔
ویانا میں جاری آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کے دوران جنرل کمیٹی کی رکنیت کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس میں رکن ممالک نے ایران کے حق میں ووٹ دیا۔ ایران کے اقوام متحدہ میں مشن نے بھی ایران کے انتخاب کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کوششوں کے باوجود ایران جنرل کمیٹی میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
ایرانی مشن نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ آئی اے ای اے کے رکن ممالک نے ایران کی جنرل کمیٹی میں رکنیت کے حق میں ووٹ دیا۔
ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال واندی نے کہا کہ امریکا نے ایران کو جنرل کمیٹی کا رکن بننے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا جنرل کمیٹی کے رکن کے طور پر انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آئی اے ای اے کے رکن ممالک نے ووٹنگ کے ذریعے اپنا فیصلہ کیا۔
آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس ایجنسی کا اہم سالانہ اجلاس ہے، جس میں رکن ممالک جوہری توانائی سے متعلق امور، بجٹ اور تنظیمی معاملات پر غور کرتے ہیں۔
