موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم
شہبازشریف کی موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلی ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت موسمیاتی تبدیلی کے امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائی گئی پالیسیوں اور منصوبوں کی حالیہ پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے،پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور ماحولیاتی تباہی میں سب سے کم حصہ رکھنے والے ممالک میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع اور مثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے،ماحولیاتی تبدیلی زراعت، توانائی، پانی، انفراسٹرکچر اور کئی دیگر شعبوں کے ساتھ منسلک ہے۔وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، متعلقہ اداروں کے اعلی افسران اور شعبہ ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین شامل تھے۔