ملک میں بجلی چوری کو روکنا بہت بڑا چیلنج ہے ، شہبازشریف
ملک میں بارشوں سے ڈیم بھریں گے اور پن بجلی میں اضافہ ہوگا لیکن کافی جانی نقصان بھی ہوا ہے
چوری روکنے کیلئے حکومت پرعزم ہے ، پنجاب کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے،دیگر صوبے بجلی چوری روکنے کیلئے اقدامات کریں
ہم نے ملک میں بجلی چوری کو روکنا ہے، یہ بہت بڑا چیلنج ہے، جس سے بخوبی انداز میں نمٹیں گے،اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ آئل مافیا جونک کی طرح ملک کی دولت نچوڑ رہا ہے، ہم نے ملک میں بجلی چوری کو روکنا ہے، یہ بہت بڑا چیلنج ہے، جس سے بخوبی انداز میں نمٹیں گے،بجلی کے ترسیلی نظام کی بہت ہی بری حالت ہے، جس کی بہتری کے لئے جتنی بھی کوشش اور سرمایہ کاری کی جائے کم ہے۔
شہباز شریف نے بجلی کے شعبے کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بارشیں ہورہی ہیں جس سے ڈیم بھریں گے اور پن بجلی میں اضافہ ہوگا لیکن کافی جانی نقصان بھی ہوا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے فوری طور پر صوبوں کے ساتھ رابطے کریں اور مل کر متاثرہ مقامات پر امدادی سامان پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کے لئے حکومت پرعزم ہے ، اس ضمن میں پنجاب کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے لہذا دیگر صوبے بھی بجلی چوری روکنے کے لئے اقدامات کریں ، ہم نے ملک میں بجلی چوری کو روکنا ہے، یہ بہت بڑا چیلنج ہے، جس سے بخوبی انداز میں نمٹیں گے، پنجاب میں اس حوالے سے اچھی پیش رفت ہوئی ہے، باقی صوبے بھی اس میں تعاون کریں گے، بجلی کے ترسیلی نظام کی بہت ہی بری حالت ہے، جس کی بہتری کے لئے جتنی بھی کوشش اور سرمایہ کاری کی جائے کم ہے، اسے درست کئے بغیر جتنی چاہیں بجلی پیدا کرلیں اگر ٹرانسمیشن نظام بہتر نہیں تو ساری سرمایہ کاری ضائع ہوجائے گی، اس کام کے لئے جہاں سے بھی عالمی معیار کے کنسلٹنٹس ملیں ان کو لے کر آئیں تاکہ وہ آکر رپورٹس دیں اور ہم تیزی کے ساتھ اس سمت میں بڑھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرپلس بجلی کو مارجنل قیمت پر اس کا کچھ کریں ، ہائیڈرو پاور کو آگے بڑھائیں، چیئرمین واپڈا کی دیامر بھاشا سے متعلق تجویز کا جائزہ لیں باالآخر ہم نے متبادل توانائی کی طرف آنا ہے، ملک میں موجود خام تیل کا ٹینکر مافیا جونک کی طرح ملک کی دولت کو نچوڑ رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی اور ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 27 ارب ڈالر کی تیل برآمدات کی جاتی ہیں وہ کم نہیں کرسکتے جب تک یہاں الیکٹرک ٹرانسپورٹ نہ چلائیں، لیکن بجلی منصوبوں کے لیے اربوں ڈالر کا تیل درآمد ہورہا ہے اس کو تو متبادل توانائی کے منصوبوں سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے، اس سے طویل مدت میں فائدہ ہوگا، درآمدات کم ہوں گی اور ڈالرز بچیں گے۔