محسن نقوی کی کاوشوں سے یورپ کا پاکستانی ہنرمندوں کیلئے ہزاروں ویزوں کا اعلان
وززیرداخلہ کی اٹلی کے ہم منصب سے اہم ملاقات، انسانی اسمگلنگ ، انسداد منشیات اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال
وزیرداخلہ سید محسن رضا کی انتھک کوششوں اور کاوشوں کی بدولت پاکستانی ہنرمندوں کے لئے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی نے پاکستانیوں کیلئے ہزاروں ویزوں کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سلامتی کے امور اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران منشیات کے خلاف کارروائی، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے انسداد میں دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ قانونی ہجرت کے فروغ کے تحت پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کے لیے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے، جبکہ اس ضمن میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی درخواست پر اطالوی وزیر داخلہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے کی شرط سے استثنا دیا جائے گا۔ اطالوی وزیر داخلہ کے مطابق اس حوالے سے گزشتہ ملاقات میں ہونے والی بات چیت پر پیش رفت کر لی گئی ہے۔
