قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو ہوگا، 9 نکاتی ایجنڈا جاری
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت (آج)جمعہ کو صبح 11 بجے ہو گا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 9نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ایکٹ 2015میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کریں گے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی سید امین الحق ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹریبونل کے قیام کے بل پر قائمہ کمیٹی رپورٹ پیش کریں گے۔
اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2020-21ایوان میں پیش کی جائے گی، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث جاری رہے گی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلا نوٹس ایوان میں پیش کیا جائے گا، پاسپورٹ کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر سے متعلق توجہ دلا نوٹس بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔