اسلام آ باد (نیوز پلس)پاکستان کے دفتر خارجہ نے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے واقعے پر پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر کو طلب کرکے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ناروے کے واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ناروے میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ نے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے واقعے پر پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر کو طلب کرلیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نارویجین سفیر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔دفتر خارجہ کے مطابق نارویجین سفیر سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ناروے میں پیش آنے والے واقعے سے دنیا بھر کے 125 کروڑ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ نارویجن سفیر پر واضح کردیا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر اس طرح کیاقدامات کو جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ناروے کے واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔