Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

عمران خان سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل

عمران خان سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عمران خان کی منتقلی سپریم کورٹ کے حکم کے تحت طبی معائنے اور علاج کے لیے کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی اسپتال کے اطراف تعینات رہے۔ اسپتال کے اطراف راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت محدود کی گئی۔

سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق ان کا طبی معائنہ ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل پینل کرے گا، جس میں ان کے ذاتی معالج کی شمولیت بھی ہوگی۔

حکام کے مطابق عمران خان کے اسپتال میں قیام کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات برقرار رکھے جائیں گے۔ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے متعلقہ حصے کو سب جیل قرار دیے جانے اور اڈیالہ جیل کے عملے کی تعیناتی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

عمران خان کی صحت اور انہیں ذاتی معالج سے طبی سہولت فراہم کرنے کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے زیر بحث تھا۔ ان کی جماعت اور اہل خانہ کی جانب سے بھی طبی معائنے اور مناسب علاج کے مطالبات سامنے آتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے معاملے پر اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے شفا انٹرنیشنل اسپتال کی جانب جانے والے متعدد راستے ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں، جبکہ اسپتال کے اطراف اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسپتال کی جانب جانے والے اہم راستوں پر بیریئرز نصب کر دیے گئے ہیں اور آمد و رفت کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور اسپتال کے اطراف مشتبہ سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔

سکیورٹی اقدامات کے باعث شفا انٹرنیشنل اسپتال اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں عمران خان کے علاج کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی، جس کے بعد ان کی صحت اور علاج سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اس سے قبل عمران خان کی بہنیں اور ان کے معالج اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل گیٹ نمبر 5 سے جیل کے اندر داخل ہوئے، جبکہ نورین نیازی جیل کے باہر موجود رہیں۔

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنا اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور انتظامیہ اس حوالے سے تمام معاملات دیکھ رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیا گیا ریلیف قانون کے مطابق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد وہ علاج کے لیے بیرون ملک گئے تھے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے لیے انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بعض اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More