اسلام آباد (نیوز پلس) ملالہ یوسف زئی کے برطانوی فیشن میگزین ‘ووگ’ کو حالیہ دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق دیے گئے بیان پر شوبز شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لحاظ سے پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔دوران انٹرویو ملالہ نے کہا تھا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی۔
معروف اداکار فیروز خان نے ووگ میگزین کے سرورق کو شیئر کرتے ہوئے ملالہ کو ایک کٹھ پتلی قرار دیا۔
سابق گلو کارہ رابی پیر زادہ نے ملالہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہن میں نے موسیقی چھوڑ دی ہے مگر آپ کو دیکھ کر نصرت فتح علی خان مرحوم یاد آگئے،’کیا سے کیا ہو گئے دیکھتے دیکھتے‘۔انہوں نے کہا کہ’ہم مسلمان گالیاں یا فسق باتیں نہیں کرتے، صرف امید کرتے ہیں اگر دین کا کلچر نہیں پسند تو دین کو ریپریزنٹ مت کریں۔ اللہ ہم سب کو ہدایت دے، کوئی مکمل نہیں‘۔ملالہ کے بیان پر اداکارہ آمنہ بخاری نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے رد عمل کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ شرم کی بات ہے، ملالہ نے خاندانی نظام کے بنیادی اصولوں کی نفی کی جسے اسلام نے لازمی قرار دیا ہے، مزید کہا کہ ملالہ مغرب کے ہاتھوں میں کھیلنے والی کٹھ پتلی ہے۔