شاہین آفریدی کی فارم اور فٹنس پر تشویش بڑھنے لگی
آئی سی سی ورلڈکپ میں شاہین شاہ آفریدی کی فارم اور فٹنس پر تشویش بڑھنے لگی۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور بالنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصے سے شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے آغاز میں ہی وکٹیں اڑانے کی وجہ سے پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، اب بھی ان میں صلاحیت موجود ہے مگر وہ بہت زیادہ مشقت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سری لنکا کیخلاف میچ کے دوران کمنٹیٹر رمیز راجا نے تصدیق کی کہ شاہین آفریدی کی انگلی زخمی ہے اور وہ تکلیف میں بولنگ کررہے ہیں، اب دیگر اسٹارز کی جانب سے بھی ان کی فٹنس اور فارم پر تشویش ظاہر ہو رہی ہیانہوں نے کہا کہ شاہین پیڈز اور آؤٹ سائیڈ آف اسٹمپ پر بولنگ کررہے ہیں مگر کوئی فائدہ حاصل نہیں ہورہا،
مجھے یقین ہے وہ بولنگ کوچ مورنے مورکل کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالیں گے، وہ دیکھیں گے کہ آخر کیا چیز غلط ہورہی ہے، میرے خیال میں یہ کچھ ایکشن کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے، ممکن ہے کہ وہ انجرڈ ہوں۔سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ شاہین کا آؤٹ آف فارم ہونا پاکستان کیلیے تشویش کا باعث ہے کیونکہ وہ نئی گیند کے ساتھ وکٹیں اڑانے میں ماہر ہیں خاص طور پر بڑی ٹیموں کے خلاف کافی کامیاب رہتے ہیں،
میں سمجھتا ہوں کہ شاہین خود پہل کرکے فزیو و ٹرینر کے ساتھ بیٹھ کر اس بات کا جائزہ لیں کہ کیوں پہلے جیسے اسپیڈ کے ساتھ بولنگ نہیں کرپارہے۔انہوں نے کہا کہ ”میں جانتا ہوں کہ وہ ایک انجری سے نجات پاکر واپس لوٹے ہیں مگر تشویش یہ ہے کہ 140 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند نہیں کرپارہے،
ان کے پہلے اسپیل کی گیند 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوتی ہے، ابھی پاکستان کے بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کے خلاف اہم میچز آنے والے ہیں،ان میں شاہین کی ضرورت ہوگی“۔