سیکیورٹی فورسز کی کاروائیوں میں افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کا استعمال شدہ اسلحہ برآمد
چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں سے فتنہ الخوارج بہت فاصلے سے پاک فوج کو رات کے وقت بھی نشانہ بنا سکتی ہے
پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے قبضے سے بڑی تعداد میں امریکی ساختہ جدید ہتھیار اور عسکری آلات برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایسی مقدار اور معیار کے ہتھیار سرعام دکھائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ اسلحہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران ضبط کیا گیا۔ برآمد شدہ رائفلز اور آلات پر واضح طور پر امریکی حکومت کی ملکیت ہونے کے نشانات موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکہ اور نیٹو فورسز کے افغانستان سے انخلا کے دوران چھوڑے گئے یہ ہتھیار افغان طالبان کے قبضے میں چلے گئے، جنہیں بعد ازاں پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے حوالے کیا گیا۔
پکڑا گیا اسلحہ ایم 4، ایم 16 اور دیگر جدید خودکار رائفلز پر مشتمل ہے، جب کہ دہشتگردوں سے نائٹ ویژن گاگلز، اعلیٰ معیار کا دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹنگ وائرز اور دیگر حساس آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہتھیار دور سے درست نشانہ لگانے اور رات کے وقت کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں شامل اسٹیل ہیڈ گولیاں حتیٰ کہ بلٹ پروف جیکٹس کو بھی چیرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد ان جدید امریکی ہتھیاروں کو پاکستان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہے تھے، جبکہ برآمد ہونے والے ہتھیاروں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
