سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں، 13 خوارج ہلاک
راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں اس وقت کی گئی جب وہاں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں فورسز نے تین مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے تمام دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی پشت پناہی کے حامل دہشت گرد گروہ کے ممکنہ ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری رکھیں گی۔
