سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دہشت گرد ہلاک کردئیے
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ معلومات پر کاروائیاں کیں۔
ان کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ جنوبی وزیرستان میں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 نومبر 2023 کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد مارے گئے ۔جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں کی گئی ایک الگ کارروائی میں ایک اور دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا جو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کاروائیوں کی متعدد کاروائیوں میں استعمال ہوتا رہا۔
ایک اور واقعہ شمالی وزیرستان ضلع کے غوریوم میں پیش آیا جہاں ایک دیسی ساختہ بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سپاہی شاہ زیب (عمر 26 سال، رہائشی ضلع راولپنڈی) شہید ہوگیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی