Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ آپریشن ،13دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ آپریشن ،13دہشتگرد ہلاک

دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی:   سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی بیسڈ آپریشن میں 13دہشتگرد ہلاک کردئیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انڈین پراکسی سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کارروائی کی ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے مقام پر موثر اور کامیاب کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں 13ہندوستانی سپانسر شدہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔ دوسری جانب بھارتی سپانسرڈ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دسمبر 2023ء میں درابن میں خودکش بم حملے میں سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت ان علاقوں میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی بھارتی سپانسر شدہ دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

 بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملہ کرکے معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو اس حالیہ آپریشن میں کامیابی کے ساتھ جہنم رسید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے تمام حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

صدر زرداری کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر قوم اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر قوم اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی ہے۔ بدھ کویوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں ملک کے ہر شہری کو محفوظ بناتی ہیں، دہشتگردی کے خلاف یہ جدوجہد پاکستان کے پرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ریاست کی رِٹ قائم کرنے کے لیے کی جانے والی ہر قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی، پاکستان کے عوام نے ہمیشہ اپنے شہداء  اور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہوکر دہشتگردی کو مسترد کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More