آسٹریلیا(نیوز پلس) آسٹریلیاکے سابق کرکٹر ڈین جونز نے بھی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست جمع کروادی۔مصباح الحق اور نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسمین کی طرح ڈین جونز بھی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کے فرائض بھی ڈین جونز کے پاس ہی ہیں جن کی کوچنگ میں یہ 2 مرتبہ چیمپیئن بننے میں بھی کامیاب ہوئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہیں کی تھی۔ساتھ ساتھ پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، باؤلنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس فیصلے کے بعد پی سی بی نے ہیڈکوچ سمیت بیٹنگ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار دے دیا تھا۔ با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان مصباح الحق، نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسمین اور ڈین جونز ہیڈ کوچ کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کوچنگ اسٹاف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہیں بورڈ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی۔