راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف گرینڈ اپریشن ،انفرااسٹرکچر گرا دیا
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ کی زیر نگرانی ٹاسک فورس نے چکری روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے 4 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے انفرااسٹرکچر گرا دیا ۔
آپریشن میں غیر قانونی سکیموں کے مین گیٹس، بنکرز، اشتہاری بینرز، دیوائیڈرز، بل بوردز اور روڈ انفرااسٹرکچر مسمار کر دیا گیا۔
سیف انور جپہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مین گیٹس، ڈیوائیڈرز، بل بورڈز اور بنکرز گرا دئیے گئے ہیں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف عوامی شکایت پر آپریشن کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان زمینوں پر قبضے میں ملوث ہیں، قبضہ مافیا اسلحے کے زور پر لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرواتا ہے۔
یسف انور جپہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے حکم امتناع پر عدالت سے رجوع کر رہے ہیں ، عوام غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ نہ لگائیں۔
ڈی جی سیف انور کا مزید کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ لگانے سے قبل عوام آر ڈی اے معلومات حاصل کریں، 2 روز قبل 11 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعمیرات گرائی گئی تھیں۔