دنیائے موسیقی کی سروں کی ملکہ بلبل ہند لتا منگیشکر چل بسیں
عوام ممبئی کے شیواجی پارک میں لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی میت کا دیدار کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں گے
ممبئی (نیوزپلس) اپنے فنِ گلوکاری سے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکر اتوار کے روز بھارتی وقت کے مطابق صبح سوا 8 بجے کے قریب چل بسیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عوام ممبئی کے شیواجی پارک میں لیجنڈری گلوکارہ کی میت کا دیدار کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں گے۔ لتا منگیشکر کے انتقال پر بھارت میں 2 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بھارتی پرچم بھی 2 دن تک سرنگوں رہے گا۔
92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔26 جنوری کو ان کی حالت میں بہتری پروینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز حالت دوبارہ بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر پھر منتقل کر یا گیا تھا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لتا جی کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت دُکھی ہوں کیونکہ ہماری لتا دیدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، وہ ہماری قوم میں ایک خلا چھوڑ گئی ہیں جسے پُر نہیں کیا جا سکتا۔‘
لتا منگیشکر کے انتقال پر بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے شدید دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’خدا خوبصورت آوازوں سے بولتا ہے۔‘
پرنیتی چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ’میں نے بھارتی کلاسیکی موسیقی سیکھی لیکن مجھے لتا جی کے گانوں پر ریاض کرنے کی اجازت دی گئی، طالب علموں نے تجربہ کیا کہ آیا ہم وہ گانے گا سکتے ہیں جن کو لتا جی نے گنگنایا تھا۔‘
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ نصف صدی سے زائد عرصہ اپنی آواز کا جادو جگا کر لتا منگیشکر نے کروڑوں انسانوں کو اپنے سنگیت کا گرویدہ بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ آنجہانی لتا منگیشکر برصغیر میں موسیقی کی ایک پہچان تھیں، فلمی صنعت کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔