سکھر(نیوز پلس)پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم رہنما ء سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ یہ کیسے الزامات ہیں جو اربوں سے شروع ہو کر ایک مکان پر آجاتے ہیں،ہم ان جھوٹے کیسز اور ان کے احتساب کو نہیں مانتے۔احتساب عدالت سکھر میں سیدخورشید شاہ کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے حکومت کو سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف الزامات اربوں روپے سے شروع ہو کر ایک مکان پر آجاتے ہیں، ہم ان جھوٹے کیسز اور ان کے احتساب کو نہیں مانتے، ہم خود کہتے ہیں کہ اگر ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کئے جائیں انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی حکومتی وزیر کے خلاف کارروائی شروع کیوں نہیں ہوئی، شیری رحمان نے کے پی کے حکومت کو ایک مذاق اور کرپشن کہانی کا ایک حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میں فارن فنڈنگ میں عوام کو جواب دہ نہیں ہوں،یہ صرف گالم گلوچ کی سیاست جانتے ہیں۔