اسلام آباد(نیوز پلس)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، قرضوں کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں سے کئے گئے عہد کی پاسداری کی جانب ایک عملی قدم ہے، لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد کی مظہر ہے۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں تمام قرض میرٹ پر دیے جائیں گے،وزیر اعظم عمران خان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ قوم اور معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر فلاح اور ترقی پائے گا۔