Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ترکیہ نے بحری جہاز’پی این ایس خیبر’ پاکستان کے حوالے کر دیا

  ترکیہ نے بحری جہاز’پی این ایس خیبر’ پاکستان کے حوالے کر دیا

تقریب کے مہمان خصوصی ترک صدر طیب رجب اردوان تھے

پاک بحریہ کے ملجم کلاس کے دوسرے جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کی تقریب ترکیے کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ 

ترکیہ میں تیار کیا گیا جدید ترین جنگی بحری جہاز پی این ایس خیبر باقاعدہ طور پر پاک بحریہ میں شامل ہو گیا۔ اس موقع پر استنبول نیول شپ یارڈ میں ایک پروقار کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔

کمیشننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ ترکیہ نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں مزید قریبی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی اشتراک خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر استنبول نیول شپ یارڈ اور شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی اور ترک نیول فورسز کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا عملی مظہر ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پی این ایس خیبر کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی بحری جہاز کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ اور بحری سلامتی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ترکیہ کے تیار کردہ یہ جدید جنگی بحری جہاز جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، جدید اسلحہ، اور جدید سینسرز سے لیس ہیں، جو پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔

کمیشننگ تقریب کے بعد صدرِ ترکیہ نے پی این ایس خیبر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ترک صدر اور نیول چیف کے درمیان خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال اور مستقبل کے مشترکہ دفاعی اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 2018 میں چار ملجم کلاس جنگی بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پایا تھا، جن میں سے دو جہاز ترکیہ میں مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی دو جہاز پاکستان میں تیار کیے جا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More