اقوامِ عالم اور اقوامِ متحدہ بھی افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گردی سے خائف ہیں ؛خواجہ آصف
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پاکستان کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، وزیر کا بیان
اسلام آباد :(نمائندہ خصوصی) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر کالعدم ٹی ٹی پی کے کیمپوں پرپاکستان کی کارروائی کا موازنہ غیر مناسب ہے، پاکستان کی جانب سے دیا گیا جواب مکمل جائز تھا۔اپنے بیان میں بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستانی کارروائی کا بہاولپور و مریدکے میں مساجد اور مدارس پر بھارتی حملوں سے موازنہ غلط ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اقوامِ عالم اور اقوامِ متحدہ بھی افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گردی سے خائف ہیں، پاکستان میں آئے روز افغانستان سے آئی دہشت گرد تشکیلیں اور دہشت گرد اس کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام پر بھارت آج تک ثبوت نہیں دے سکا، پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی،اقوامِ متحدہ کی رپورٹ واضح کرتی ہے کہ بھارتی جارحیت غیر قانونی اور بغیر ثبوت تھی۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اور خوارج، ہمدردوں کا کسی قسم کا شک ہم نے کل بھی دور کیا تھا اور آج بھی۔
وزیر دفاع نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پاکستان کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ برطانوی جریدے نے ڈپلومیسی اور بھارت کے ساتھ جنگ میں کامیابیوں کا کریڈیٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل نے اس کے علاوہ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے کام کیا اور سرد مہری کو ختم کیا، امریکی صدر ٹرمپ نے بھی آج ان کی تعریف کی ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کثیر جہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیا ہے۔اپنی رپورٹ میں فنانشل ٹائمز نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بدلتے عالمی نظام میں مؤثر اسٹریٹجک رہنما کے طور پر ابھرے ہیں۔
