بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیر بھارت کا حصہ تھا نہ ہی کبھی ہوگا، مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اپنا شہری سمجھتے ہیں اور اپنے شہریوں کی کسی صورت پامالی نہیں ہونے دیں گے، جہاں کارروائی کی ضرورت ہوگی کارروائی کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کو متحرک رہنا چاہیے، آزادی کی تحریک کیلئے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا پڑے گا۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق کوئی یکطرفہ اقدام قابل قبول نہیں۔