اسلام آباد (نیوزپلس) وفاقی وزیر برائے خزانہ حماد اظہر کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی اجلاس کے دوران 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا،اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے بھارت سے کاٹن، یارن اور چینی کی درآمد کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت کی سمری پیش کی گئی جس پر ای سی سی کی جانب سے بھارت سے کاٹن، یارن اور 5 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی، یارن اور کاٹن رواں سال 30 جون تک درآمد کی جا سکیں گی۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں مختلف ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی گئی ہے جس میں وزیراعظم کے کم لاگت گھروں کی اسکیم کے لیے 2 ارب، وزارت پیٹرولیم کی ٹیکنیکل گرانٹ اور کمیونٹی اسکولز، طلبہ کے لیے اسکالرشپ سمیت وزارت تعلیم کی گرانٹس کی سمریاں منظور کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنک سالٹ کی جغرافیائی حقوق کی رجسٹریشن کے لیے بھی سمری کی منظوری دے دی گئی ہے۔