کراچی(نیوز پلس)سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اندر گروپ بن چکے ہیں، خالد بھائی کو ہٹاکر امین الحق کو آگے لایا جا رہا ہے۔سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیس قائمخانی کیخلاف بھی ساز ش کی گئی تھی، ایم کیو ایم کے آخری آدمی خالد مقبول تھے ان کو بھی راستے سے ہٹا دیا گیا، عمران خان ان کے دبا ؤمیں نہیں آئے، یہ حکومت کے بغیر کچھ نہیں، کراچی میں جتنی کرپشن ہوئی ان سب کی فائلیں تیار ہے، ایم کیو ایم کے بانی نریندر مودی سے پناہ مانگ رہے ہیں۔احتساب عدالت کے باہر مصطفی کمال اور شہری میں تکرار ہوئی، شہری نے شکوہ کیا کہ گھر میں پانی نہیں آ رہا، ترقیاتی کام نہیں ہوئے، شہر میں بسیں نہیں ہیں۔ جس پر مصطفی کمال نے کہا جب میں میئر تھا تو کراچی ترقی کر رہا تھا، کراچی کی ترقی کا کریڈٹ مشرف نہیں زرداری کو جاتا ہے، میری میئرشپ کا زیادہ زمانہ زرداری دور کا ہے۔مصطفی کمال نے شہری سے سوال کیا کہاں سے آئے ہو، کتنے انڈر پاسز سے گزرے ہو؟ شہری نے جواب دیا میں رکشہ سے آیا ہوں، تین انڈر پاسز سے گذر کر آیا ہوں۔ مصطفی کمال نے کہا اپنے دور میں 30 انڈر پاسز بنائے ہیں، تو ابھی والوں کو پکڑو نا پھر۔