دبئی (نیوزپلس) ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام یو اے ای میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوٹئنی فائنل میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا
ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل ہفتہ کو آرام کا دن ہوگا جبکہ دونوں ٹیمیں فائنل میچ کے لئے بھرپور تیاری کریں گی۔
شائقین کرکٹ فائنل میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں فائنل میچ میں توقع کی جارہی ہے کہ ٹورنامنٹ کا آخری معرکہ دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آئی لینڈرز کو داسن شاناکا لیڈ کریں گے۔
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن 1984 میں متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے مقام پر منعقد ہوا جو بھارتی ٹیم نے اپنے نام کیا تھا۔ سری لنکا کی ٹیم کو سب سے زیادہ ایشیا کپ کے 14ایونٹس میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے جبکہ وہ حالیہ 15ویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پانچ مرتبہ ایشیا کپ ٹائٹلز جیت کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کی ٹیم 2 مرتبہ 2000 اور 2012 کا ایشیا کپ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ سری لنکن ٹیم چھٹی مرتبہ اور پاکستان کی ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل کے حصول کے لئے 11 ستمبر کو مد مقابل ہوں گی۔
بشکریہ : اے پی پی