Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ایران جنگ میں امریکی محکمہ دفاع کا اسٹریٹجک ذخیروں کی کمی کا اعتراف، اعداد و شمار جاری

ایران جنگ میں امریکی محکمہ دفاع کا اسٹریٹجک ذخیروں کی کمی کا اعتراف، اعداد و شمار جاری

28 فروری سے جون کے اختتام تک ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں پر مجموعی طور پر تقریباً 33.4 ارب ڈالر خرچ ہوئے، رپورٹ

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران امریکی اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر میں نمایاں کمی کا باضابطہ اعتراف کرلیا۔

پینٹاگون کے آفس آف انسپکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران گولہ بارود کے بڑے پیمانے پر استعمال کے نتیجے میں امریکی فوج کے اسٹریٹجک ذخائر متاثر ہوئے، جبکہ دفاعی صنعت کو مطلوبہ رفتار سے ذخائر دوبارہ بھرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے جون کے اختتام تک ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں پر مجموعی طور پر تقریباً 33.4 ارب ڈالر خرچ ہوئے، جس میں سب سے بڑا حصہ جنگی سازوسامان اور گولہ بارود پر آنے والے اخراجات کا تھا، جو تقریباً 22.3 ارب ڈالر بنتا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران گولہ بارود کی غیر معمولی کھپت نے امریکی فوج کے اسٹریٹجک ذخائر کو نمایاں حد تک کم کردیا۔ رپورٹ میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ دفاعی صنعت میں موجود بعض ساختی رکاوٹوں کے باعث استعمال ہونے والے گولہ بارود اور دیگر جنگی سازوسامان کے ذخائر کو مطلوبہ رفتار سے دوبارہ بحال کرنا فوری طور پر ممکن نہیں۔

یہ رپورٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ کے دوران اختیار کیے گئے مؤقف کے برعکس سامنے آئی ہے، جس میں جنگی سازوسامان کے ذخائر میں کسی بڑے بحران کی اطلاعات کو بارہا مسترد کیا جاتا رہا تھا۔

پینٹاگون کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں تاہم اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ محکمہ دفاع نے گولہ بارود کی پیداوار میں اضافے، صنعتی صلاحیت کو تیز کرنے اور کم ہوتے ذخائر کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات شروع کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال نے نہ صرف امریکی جنگی اخراجات میں نمایاں اضافہ کیا بلکہ طویل المدتی فوجی ضروریات کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود کی پیداوار، ذخیرہ اندوزی اور بروقت فراہمی کے نظام سے متعلق اہم سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:13 − 9 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More