ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے بیان پر اسحاق ڈار کا ردعمل
اسحاق ڈارنے ایرانی وزیر خارجہ کے لیے ‘میرے عزیز بھائی’ کے الفاظ کا استعمال کیا
نانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں “میرے عزیز بھائی” کہہ کر مخاطب کیا اور ان کی وضاحت پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران نے اسلام آباد میں ہونے والے کسی بھی مذاکرات میں شرکت سے کبھی انکار نہیں کیا۔ انہوں نے مغربی میڈیا کی جانب سے اس حوالے سے پھیلائی گئی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مسترد کیا۔
عباس عراقچی نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدامات عالمی امن اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ان کا بیان ان تمام قیاس آرائیوں اور گمراہ کن مہمات کی نفی کرتا ہے جو مختلف حلقوں کی جانب سے پھیلائی جا رہی تھیں، اور اس سے ایک بار پھر پاکستان کا مثبت اور مؤثر کردار اجاگر ہوا ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ کی طرح علاقائی امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ تمام فریقین کے ساتھ تعمیری روابط کے ذریعے استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
اس سے قبل عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ایران ایک ایسے حل کا خواہاں ہے جو جاری تنازع کے مکمل اور پائیدار خاتمے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ ایران کسی بھی ایسے عمل میں دلچسپی رکھتا ہے جو دیرپا امن کی ضمانت دے۔
