آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکیومنٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے، آئی ایس پی آر
آپریشن سندور کو پہلگام حملے کا بدلہ قرار دینے کا بھارتی دعویٰ خود اس کے بیانیے سے متصادم ہے
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارت اپنی شکست تسلیم کرنے کے بجائے اسے من پسند رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ آپریشن سندور کے حوالے سے بنائی گئی بھارتی ڈاکیومنٹری حقائق بیان کرنے کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈاکیومنٹری میں حقائق کو مسخ کرکے جنگی واقعات کو اپنے بیانیے کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ترجمان نے سوال اٹھایا کہ اگر پہلگام حملے کے مبینہ ملزمان 28 جولائی کو مارے گئے تو پھر 7 مئی کو بھارت نے کس کو نشانہ بنا کر کارروائی کا دعویٰ کیا تھا؟
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ آپریشن سندور کو پہلگام حملے کا بدلہ قرار دینے کا بھارتی دعویٰ خود اس کے بیانیے سے متصادم ہے، جبکہ ’’100 فیصد مشن کامیابی‘‘ کا بھارتی دعویٰ بھی دستیاب آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا اور اسے ناکام بنایا۔ پاکستان نے کارروائی کے دوران بھارت کے 8 فوجی طیارے مار گرائے، جبکہ آپریشن ’’بنیانٌ مرصوص‘‘ کے تحت 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ فلمی مناظر، مصنوعی بیانیے اور ڈرامائی انداز حقیقی جنگی حقائق اور طیاروں کے نقصانات کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ پاکستان کو معرکۂ حق کے حوالے سے کسی من گھڑت بیانیے کی ضرورت نہیں، کیونکہ جنگی ریکارڈ، سفارتی رابطے اور خود بھارتی بیانات بہت سے حقائق واضح کر چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے، تاہم پاکستانی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ اگر آئندہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔
