آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں شاہین کو نہ کھلانے پر وسیم اور وقار کا حیرانگی کا اظہار
پاکستان کے سابق عظیم فاسٹ باؤلرز وسیم اکرم اور وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے سرفہرست فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو آرام کرانے کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے اس پر شاہین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے دعویٰ کیا کہ تیسرے ٹیسٹ میں آرام کا فیصلہ شاہین نے خود کیا اور ٹیم مینجمنٹ کا اس میں کوئی کردار نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹرز کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ امیر بننا چاہتے ہیں یا عظیم کرکٹر، شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کپتان ضرور ہیں لیکن یہ فارمیٹ صرف پیسہ کمانے کے لیے ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اصل گیم ٹیسٹ کرکٹ ہے۔ادھر اپنی خطرناک ان سوئنگ یارکر کے لیے مشہور وقار یونس نے بھی شاہین کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں نہ کھلانے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے امید تھی کہ شاہین تیسرا ٹیسٹ ضرور کھیلیں گے کیوں کہ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔