Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آزاد امیدواروں کی شمولیت سے قومی اسمبلی میں ہماری تعداد 104 ہو گئی، شہباز شریف

آزاد امیدواروں کی شمولیت سے قومی اسمبلی میں ہماری تعداد 104 ہو گئی،  شہباز شریف

 

ہم نواز شریف کی قیادت میں قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے، پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب

نواز شریف کو خراج تحسین پیش، مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قرارداد منطور

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد امیدواروں کی شمولیت سے قومی اسمبلی میں ہماری تعداد 104 ہو گئی۔آزاد امیدوار غیر مشروط ن لیگ میں شامل ہوئے،

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کامیاب ارکان اسمبلی اور سینیٹ ممبران کو میاں نواز شریف اور اپنی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزاد امیدواروں کے شامل ہونے سے مسلم لیگ ن کی 104 سیٹیں قومی اسمبلی میں ہو گئی ہیں۔

اسلام آباد سے راجہ خرم نواز نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے، بیرسٹر عقیل ملک آزاد حیثیت سے لڑے اور ن لیگ میں شامل ہوئے۔

انکا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار غیر مشروط طور پر ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں، ہماری قومی اسمبلی میں عددی قوت 104 ہوگئی ہے۔نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی اپنے بل بوتے پر جیت کر آئے ہیں، مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف نے 2017 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، قائد محمد نواز شریف ملک میں سی پیک کے منصوبے لے کر آئے، قائد نواز شریف نے چاروں صوبوں کو موٹر وے کے ذریعے جوڑا، دیامربھاشا ڈیم کیلئے زمین خریداری کے لیے فنڈز نواز شریف نے جاری کیے۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چاروں صوبوں کو موٹرویز سے منسلک کیا۔ آج اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل کا سفر آسان ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گروں کا خاتمہ کیا گیا، کراچی میں امن قائم کرنے والے نواز شریف کو کراچی والے دعائیں دیتے ہیں،

 ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں عوامی منصوبوں کی تختیاں گنی جائیں تو ایک ماہ لگ جائے۔نواز شریف نے تمام منفی طاقتوں کا مقابلہ کیا، سارے جبر کا مقابلہ بڑے حوصلے کے ساتھ کیا۔

نامزد وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر شہید ہو گئیں کسی نے جی ایچ کیو کی طرف دیکھا نہیں، جب نواز شریف بیمار ہوئے تو کس طرح کی غلیظ زبان استعمال کی گئی، نواز شریف نے جیل کاٹی، مریم نواز کو بھی جیل میں لے جا یا گیا۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے صبر اور جوانمردی کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا، نواز شریف کے کئی ساتھی ہار گئے جہاں پر ہم ہارے وہ ٹھیک ہے اور جہاں جیتے وہ غلط ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ پوچھیں گے کہ آپ نے 16 ماہ میں کیا کیا؟ تومیں کہوں گا ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، میں منتخب ہونے والے تمام ممبران کو ایک مرتبہ پھر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے لیے نامزد امیدوار شہباز شریف نے کہاکہ ہم نواز شریف کی قیادت میں قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے جعلی اور جھوٹے مقدمے برداشت کیے مگر کبھی کسی کو میر جعفر نہیں کہا۔ قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا انتہائی کٹھن مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام پارٹیوں اور اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے تب ہی ملک ترقی کرے گا۔

                         شہباز شریف نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہترین ایڈمنسٹریٹر ثابت ہوں گی ،اس موقع پر صدر ن لیگ شہباز شریف نے نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردار پیش کی، قراردار میں نواز شرف کی جمہوریت کے لیے قربانیوں کا اعتراف کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More