آرمی چیف کا رحیم یار خان کے قریب تربیتی علاقےمیں فیلڈ ایکسرسائز میں مصروف فوجی دستوں کادورہ، آئی ایس پی آر
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی علاقے میں فیلڈ ایکسر سائز میں مصروف فوجی دستوں کا دورہ کیا اور فوجی مشق شمشیر صحرا کا معائنہ کیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف کو شمشیر صحرا کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اس مشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے درکار پیشہ وارانہ مہارتوں اور میدان میں جنگ کے طریقہ کار کو بڑھانا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف نے اپنے دورہ کے موقع پر آرمر ، انفنٹری ، مشینائیز ڈ انفنٹری ، آرٹلری ، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائلز کے فائرز سمیت مختلف ہتھیاروں کی مربوط فائرنگ اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا ۔
مشق میں پاک فصائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا ، اس مشق میں الیکٹرانک وار فیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا ہے جو جنگ کے دوران دشمن کی مواصلاتی صلاحیتوں اور ڈسنفارمیشن مہم کو ناکام بنانے کیلئے درکار ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف نے مشق کے علاقہ میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے تربیتی معیارات ، آپریشنلز تیاریوں اور تمام رینکس کے اعلیٰ حوصلہ کی تعریف کی ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے ۔ جنرل سید عاصم منیر نے نتیجہ اخذ کیا کہ ”پاکستان کی مسلح افواج،قوم کی حمایت سے اپنی مادرے وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں” ۔ قبل ازیں فیلڈ ایریا میں پہنچنے پر کورکمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایلویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بشکریہ: اے پی پی