Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آبنائے ہرمز میں حملہ ہوا تو ایران کے پل اوربجلی گھر تباہ کردیں گے؛ ٹرمپ کی نئی دھمکی

آبنائے ہرمز میں حملہ ہوا تو ایران کے پل اوربجلی گھر تباہ کردیں گے؛ ٹرمپ کی نئی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں کسی جہاز پر حملہ کیا گیا تو امریکا ایران کی اہم عسکری اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی سے باز رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے کسی بحری جہاز پر میزائل، راکٹ، ڈرون یا کسی بھی دوسرے ہتھیار سے حملہ کیا تو امریکا بھرپور جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ امریکی کارروائی میں تہران کے قریب واقع اہم پلوں، بجلی گھروں اور دیگر اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اس سے ایک روز قبل بھی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالی گئی، تجارتی جہازوں پر حملے کیے گئے یا اس اہم سمندری گزرگاہ کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی تو امریکا فوری اور فیصلہ کن فوجی کارروائی کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک اور بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ امریکا جلد ایران کے جوہری مرکز نطنز کے قریب واقع اس پہاڑی علاقے کو نشانہ بنا سکتا ہے جہاں، ان کے بقول، جدید یورینیم افزودگی کے سینٹری فیوجز منتقل کیے گئے ہیں۔

امریکی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمندری راستہ ہے، اور امریکا اس گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اس اہم راستے میں کشیدگی یا رکاوٹ کے خدشات عالمی توانائی کی منڈیوں پر فوری اثرات مرتب کرتے ہیں اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More