آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا
دبئی: پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں شاندار ترقی کرتے ہوئے بھارت کے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا کے دوسرے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹر بن گئے۔
بھارت نے زمبابوے کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری کی، جس میں کئی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔
تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ 819 پوائنٹس رکھنے والے بھارتی بلے باز ابھیشیک شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ بھارت کے ایشان کشن 910 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
پاکستانی بلے بازوں میں نوجوان اوپنر صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی بولرز میں محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں، فاسٹ بولر سلمان مرزا ایک درجہ بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ ترقی کے بعد 30ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
